نئی دہلی7مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)پرفوج کوسیاست سے آلودہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہاہے کہ فوجیوں،شہداء اور سابق فوجی سربراہان کے سلسلے میں غلط بیانی کرنے اور انہیں انتخابی مہم میں گھسیٹنے کے لیے وزیر اعظم نریندرمودی کوملک سے معافی مانگنی چاہیے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آنند شرما نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں معمول کی پریس بریفنگ میں الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابی فائدے اور ووٹ کے لیے فوج کوسیاست میں گھسیٹ رہی ہے۔ فوج، شہداء اورفوج کے سربراہوں کے بارے میں غلط بیانی کرکے لوگوں کے جذبات کوبھڑکا رہی ہے۔انہوں نے فیلڈ مارشل کے ایم کریپااورجنرل کے ایس تھمیا کے سلسلے میں میں مسٹر مودی کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں ہندوستانی تاریخ کاعلم نہیں ہے ، اسی لیے وہ سابق فوجی سربراہوں کے بارے میں غلط معلومات دے رہے ہیں۔ کانگریسی لیڈر نے کہا کہ یہ دونوں سابق فوجی سربراہان کرناٹک کے کرگ سے تعلق رکھتے تھے اور وزیر اعظم ان کا نام لے کر لوگوں کے جذبات بھڑکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ بی جے پی نے کرناٹک کے شہیدوں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں بہت سے ایسے فوجیوں کے نام ہیں جو زندہ ہیں۔